بلوچستان ٹیکسٹ بک بورڈ کا “بی ٹی بی بی آفیشل” ایپ لانچ کرنے کا اعلان

کوئٹہ: بلوچستان ٹیکسٹ بک بورڈ (بی ٹی بی بی) نے جدید تعلیمی نظام کی جانب ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے “بی ٹی بی بی آفیشل” ایل ایم ایس ای بک ایپ لانچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ چیئرمین بی ٹی بی بی ڈاکٹر گلاب خلجی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ایپ 15 دسمبر کو گوگل پلے اسٹور پر دستیاب ہوگی، جبکہ جلد ہی اسے آئی او ایس صارفین کے لیے بھی پیش کیا جائے گا۔

ایپ کے ذریعے طلباء کو بلوچستان کے مکمل نصاب کی ای بُکس، ویڈیو کورسز، نصاب کا ریکارڈ اور لیکچرز تک آسان رسائی فراہم کی جائے گی۔ اس میں ایک منفرد فیچر یہ بھی شامل ہے کہ طلباء مطالعے کے دوران اپنی رائے اور تاثرات فراہم کرسکیں گے۔ اس سے اساتذہ اور دیگر طلباء کو سیکھنے کے عمل کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

ڈاکٹر گلاب خلجی نے مزید بتایا کہ یہ ایپ اسٹوڈنٹ لرننگ آؤٹکم (ایس ایل او) کی بنیاد پر تیار کی گئی ہے اور اس کی تیاری میں بلوچستان کی مقامی آئی ٹی کمپنی ایچ ٹیل (ہارون ٹیکنالوجیز اینڈ انجینئرنگ پرائیویٹ لمیٹڈ) نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس ایپ کو ڈیزائن کرنے والی ٹیم میں بلوچستان کے تعلیم یافتہ نوجوان بھی شامل ہیں، جو صوبے کے تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے پرعزم ہیں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے اس ایپ کو تعلیم کی فراہمی کے لیے ایک انقلابی قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت بلوچستان کے ہر طالب علم کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ تعلیم کے میدان میں یہ اقدامات صوبے کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ وزیر تعلیم محترمہ راحلہ حمید درانی نے اس اقدام کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ تعلیمی نظام کے لیے اہم قرار دیا اور کہا کہ یہ ایپ بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی۔

چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے اس اقدام کو تعلیمی نظام میں مضبوطی اور جدت کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا، جبکہ سیکرٹری سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ صالح محمد ناصر نے کہا کہ یہ ایپ بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں معیاری تعلیم کی فراہمی میں مددگار ثابت ہوگی۔

یہ ایپ بلوچستان کے تعلیمی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے وژن کے تحت لانچ کی جا رہی ہے، تاکہ ہر طالب علم کو معیاری تعلیم کی سہولت فراہم کی جا سکے اور صوبے کا تعلیمی معیار مزید بلند کیا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Published
Categorized as بلوچستان, نیوز