گوادر میں 17 دسمبر کو ڈسٹرکٹ کونسل ہال میں عوامی مسائل کے حل کے لیے ایک کھلی کچہری منعقد کی گئی، جس میں بجلی سے متعلق اہم مسائل پر بات چیت کی گئی۔ کچہری میں 100 سے زائد مقامی افراد نے شرکت کی، جبکہ جی او سی 44 ڈویژن، کمانڈر 440 بریگیڈ، ڈائریکٹر کیسکو، چیف انجینئرز، ڈی سی گوادر، ایم پی اے مہر حسین رضا، مقامی کونسلرز اور میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے۔
جی او سی 44 ڈویژن نے عوامی مسائل کے حل کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ گوادر میں امن و خوشحالی کا قیام اہم مقصد ہے۔ انہوں نے کیسکو حکام کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے عوام کو اپنے مسائل اجاگر کرنے کا موقع فراہم کیا۔ کچہری کے دوران شرکا نے بجلی کی فراہمی سے متعلق متعدد مسائل کی نشاندہی کی، جن میں خراب ٹرانسفارمرز، وولٹیج کے عدم استحکام، اوور بلنگ، بجلی چوری، اور فیلڈ اسٹاف کی کمی جیسے مسائل شامل تھے۔
مقامی افراد نے یہ بھی شکایت کی کہ نیا آباد میں بجلی کے کھمبے نصب نہیں کیے گئے اور تاریں زمین پر بچھائی گئی ہیں، جس سے حفاظتی خطرات پیدا ہو رہے ہیں۔ دیگر مسائل میں اسپتالوں کے لیے علیحدہ ٹرانسفارمرز کی فراہمی، صنعتی صارفین کے لیے الگ فیڈر، اور بقایاجات کی اقساط کی سہولت شامل تھی۔
کیسکو حکام نے یقین دہانی کرائی کہ زیر التوا منصوبے فوری طور پر مکمل کیے جائیں گے اور لوڈ شیڈنگ کو کم کرنے کے لیے فیڈرز کی بحالی کا عمل تیز کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گوادر میں ایڈوانس میٹرنگ سسٹم متعارف کرایا جائے گا اور ٹرانسفارمر ورکشاپ کو وسعت دی جائے گی۔ حکام نے صارفین سے اپیل کی کہ بجلی کی چوری کو روکنے میں تعاون کریں کیونکہ یہ نقصان کا اہم سبب ہے۔
اس موقع پر ایم پی اے مہر حسین رضا نے عوام کے مسائل کے حل کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کیسکو حکام کا شکریہ ادا کیا۔ اس کھلی کچہری کو عوامی مسائل حل کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے، جس سے مقامی لوگوں کو درپیش مشکلات کم کرنے میں مدد ملے گی۔