کوئٹہ: گیس بحران شدت اختیار کر گیا، عوام مشکلات کا شکار

کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں گیس لوڈشیڈنگ کے باعث عوام شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ سردی کے موسم میں گیس کی عدم دستیابی کے باعث شہری بالخصوص بچے اور بزرگ شدید اذیت میں مبتلا ہیں۔

رکن بلوچستان اسمبلی زرک خان مندوخیل نے کہا ہے کہ جہاں سے گیس نکلتی ہے وہاں کے عوام کا پہلا حق ہے کہ انہیں یہ سہولت فراہم کی جائے۔ انہوں نے گیس کمپنی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو گیس فراہم کرنا کمپنی کا بنیادی فریضہ ہے، جسے نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

زرک مندوخیل نے کہا، “شہر بھر میں غیر اعلانیہ گیس لوڈشیڈنگ معمول بن چکی ہے، دن ہو یا رات، عوام کو کہیں بھی گیس فراہم نہیں کی جا رہی۔ عوام یہ پوچھنے میں حق بجانب ہیں کہ گیس پریشر بحال کیوں نہیں ہو رہا۔ ہمیں ایوان سمیت تمام فورمز پر اپنے لوگوں کی آواز بلند کرنی ہوگی۔”

انہوں نے مزید کہا کہ عوام نے ہمیں ووٹ دے کر منتخب کیا ہے تاکہ ان کے مسائل حل کیے جا سکیں۔ “ہم مزید خاموش نہیں رہ سکتے۔ گیس کی لوڈشیڈنگ کا مسئلہ جلد حل کیا جائے اور گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے،” زرک خان مندوخیل کا مزید کہنا تھا۔

واضح رہے کہ کوئٹہ میں گیس لوڈشیڈنگ کی وجہ سے روزمرہ کے معمولات زندگی شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ شہریوں نے حکومت اور متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ گیس بحران کے مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Published
Categorized as بلوچستان