
محکمہ زراعت خضدار نے ضلع میں زیتون کے پودوں کے ذریعے زرعی انقلاب لانے کے لیے مختلف اقدامات اٹھائے ہیں۔ ان اقدامات کے تحت تحصیل باغبانہ میں 28 ایکڑ اراضی پر زیتون کے پودے لگائے گئے ہیں، جنہیں مقامی کاشتکاروں کو فراہم کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد مقامی آبادی کو اپنی مدد آپ کے تحت روزگار کے مواقع فراہم کرنا اور زراعت کو فروغ دینا ہے۔
ان زیتون کے پودوں سے سالانہ تقریباً پانچ ہزار لیٹر تیل نکالا جاتا ہے۔ تیل نکالنے کے عمل کو آسان اور تیز بنانے کے لیے محکمہ زراعت نے مشینری نصب کی ہے، جو اعلیٰ معیار کا تیل وقت پر اور بغیر ضیاع نکالنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔ اس سے مقامی کسانوں کو بہتر مالی فائدہ حاصل ہوگا اور ان کی محنت ضائع نہیں جائے گی۔
زیتون کے علاوہ محکمہ زراعت نے تحصیل باغبانہ کے کسانوں کو سیب، پستہ اور انار کے پودے بھی فراہم کیے ہیں، تاکہ مختلف قسم کی زراعت کو فروغ دیا جا سکے۔ یہ منصوبہ نہ صرف خضدار میں زرعی انقلاب برپا کرے گا بلکہ ملکی سطح پر زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافے، فوڈ سیکیورٹی کے استحکام اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔